کاروار:18/ڈسمبر (ایس او نیوز) نہرو یوا کیندر کےماتحت چلنے والے یوتھ اسوسی ایشن میں 29سال سے زائد عمر والے ممبران کی ممبرشپ رد کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی وزارت ِ یوتھ اینڈ اسپورٹس نے حکم دیا ہے۔ جس کے تحت ضلع کے کل 1900 ممبران( مرد و خواتین)کی ممبرشپ اسوسی ایشن سےرد کی گئی ہے۔ جس کے نتیجے میں 40سال سے زائد عمرہونے کے باوجود اسوسی ایشن چلانے والوں کی آمدنی بند ہوگئی ہے۔
2014 یوتھ پالیسی کے مطابق یوتھ اسوسی ایشن کے عہدیداران اور ممبران کی عمر 15سے 29سال تک ہونے کی شرط لگائی گئی ہے۔ گذشتہ کئی سالوں سے نہرویوا کیندر میں ممبرشپ پانے والے اترکنڑا ضلع کے 1900 اسوسی ایشن خود بخود بند ہوجائیں گے ۔ ضلع کے مرکزی مقام کاروار میں 150 اسوسی ایشن ، انکولہ میں 198، کمٹہ میں 196، ہوناور میں 73، بھٹکل میں 90، سرسی میں 130، سداپور میں 76، یلاپور میں 84اور منڈگوڈ میں 49 یوتھ اسوسی ایشن رد ہوئے ہیں۔ اترکنڑا ضلع کے زیادہ تر یوتھ اسوسی ایشن میں بے شمار ممبران 40سال سے زائد عمر کے ہیں ، مگر وہ اپنے آپ کو نوجوان بتا کر حکومت کی کئی ایک سہولیات سے استفادہ کررہے تھے۔ اب مرکزی حکومت نے اس پر قدغن لگایا ہے۔آئندہ سے 15سے 29سال کی عمر والے ہی یوتھ اسوسی ایشن کے عہدیداراور ممبر ہونے کے اہل ہونگے۔ گرچہ 2014میں ہی اس قانون کو جاری کیا گیا تھا لیکن ابھی تک نافذ نہیں کیا گیا تھا۔ دوبارہ مرکزی حکومت نے سختی کے ساتھ حکم جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ نوجوانی کی عمر کو پارکئے ہوئے ممبران اور عہدیداران کے اسی اایشن کی تصدیق کرنا ممکن نہیں ہے۔ مرکزی پروگرام کے جوائنٹ دائرکٹر ڈاکٹر ایم پی گپتا نے ملک کی تمام ریاستوں کو سرکلر جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ اپنی ریاست کے تمام اضلاع سے مکمل رپورٹ لے کر متعلقہ قانون کو نافذ کریں اور 31ڈسمبر 2016تک دہلی کے مرکزی دفتر کو اپنی رپورٹ روانہ کریں۔